ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 400 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.57 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 11.97 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 6 اشیاء سستی ہوئیں جبکہ 25 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں آٹا 5.69 فیصد، مرغی 4.93 فیصد، دال چنا 3.99 فیصد اور ٹماٹر 2.40 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ پیٹرول کی قیمت میں بھی 2.40 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ دال مسور، چائے اور ایل پی جی کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
حرمین شریفین کے تقدس کا تحفظ ہرحال میں یقینی بنایا جانا چاہیے، پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودیہ کیساتھ کھڑا ہے: دفترخارجہ
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ کراچی، اسلام آباد اور پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3400 روپے تک پہنچ گئی۔ راولپنڈی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 347 روپے اضافے کے بعد 3333 روپے ہوگئی، جبکہ سیالکوٹ میں اس کی قیمت 333 روپے بڑھ کر 3133 روپے تک پہنچ گئی۔
دستاویز کے مطابق سکھر میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 300 روپے اضافے کے بعد 3060 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ حیدرآباد میں یہی تھیلا 200 روپے مہنگا ہوکر 3200 روپے کا ہوگیا۔
کوئٹہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 70 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 3030 روپے ہوگئی۔ اسی طرح ملتان میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 66 روپے مہنگا ہوکر 2866 روپے میں فروخت ہونے لگا۔
دوسری جانب لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2300 روپے اور فیصل آباد میں 2200 روپے پر برقرار رہی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کیلے کی قیمت میں 2.81 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 1.37 فیصد کمی ہوئی۔ آلو 0.89 فیصد جبکہ چینی 0.37 فیصد سستی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں 100.24 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اسی عرصے کے دوران ایل پی جی 68.55 فیصد مہنگی ہوئی۔ ایک سال میں بجلی کے چارجز 58.59 فیصد، پیٹرول 47.52 فیصد اور ڈیزل 42.52 فیصد مہنگا ہوا۔
سالانہ بنیادوں پر گندم کا آٹا 32.60 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ مرچ پاؤڈر کی قیمت میں 15.55 فیصد اور مٹن کی قیمت میں 15.02 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح ایک سال کے دوران بیف 12.60 فیصد اور چکن 9.44 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ سادہ ڈبل روٹی کی قیمت میں 8.99 فیصد اور دہی کی قیمت میں 8.08 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب ایک سال کے دوران آلو 39.51 فیصد اور ٹماٹر 37.07 فیصد سستے ہوئے۔ اسی عرصے میں چینی کی قیمت میں 22.44 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 18.88 فیصد اور نمک پاؤڈر کی قیمت میں 14.81 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔



