لاہور میں پتنگ بازی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مصری شاہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ پتنگ فروش کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں ملزم ارشد کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ پتنگوں کی ترسیل میں مصروف تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے قابو کر لیا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم رکشے اور کاٹن کے ڈبوں کا استعمال کرتے ہوئے پتنگوں کی سپلائی کرتا تھا اور لاہور سمیت دیگر اضلاع میں یہ غیر قانونی کاروبار چلا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ہزاروں روپے مالیت کی 50 سے زائد تیار پتنگیں اور کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کر لی گئیں۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں پتنگ بازی پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے اور اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔