پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہو گیا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔
یہ اتفاق وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خزانہ کی وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔
اعلامیے کے مطابق ایک روزہ دورے پر آنے والے سعودی وزیر خزانہ نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان سے وابستگی کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات، ٹریفک پلان جاری، ریڈ زون مکمل بند
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاشی و مالی معاونت کو سراہا اور کہا کہ یہ تعاون ملک کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کے تحت اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔ اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ سعودی وفد نے بھی پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک سعودی دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے، اور دونوں ممالک نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔