ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہم سےہے ،وزیر اعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا نیلم اور ایل او سی کا دورہ، عوام کا تاریخی استقبال اور مسائل کے حل کے اعلانات
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے نیلم اور ایل او سی کے علاقوں کا دورہ کیا جہاں عوام اور کارکنان نے ان کا غیر معمولی استقبال کیا۔ چلہانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایل او سی پر وطن کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بھاری موجودگی اور کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
نیلم میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصب سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ اسی علاقے کا کرنا چاہتے تھے تاکہ یہاں کے مسائل کو براہِ راست دیکھ سکیں۔ انہوں نے تعلیم اور صحت کے لیے خصوصی پیکجز کا اعلان کیا اور کہا کہ ایل او سی کے عوام نے ہمیشہ ثابت قدمی دکھائی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیں اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ علاقے کی ضروریات پوری ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کے عوام کی آنکھوں میں خوف نہیں بلکہ پاکستان سے محبت جھلکتی ہے اور وہ ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔