پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت ناساز ہوگئی۔

ان کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک کے مطابق وہ جیل میں چہل قدمی کے دوران اچانک بے ہوش ہوکر گر پڑے، جس کے نتیجے میں انہیں چوٹیں بھی آئیں۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور وہ بے ہوشی کی حالت میں زمین پر گر گئے۔ گرنے کے باعث انہیں جسم پر چوٹیں آئی ہیں، جس کے پیش نظر فوری طبی معائنے کی ضرورت ہے۔
وکیل کے مطابق شاہ محمود قریشی کا فوری سی ٹی اسکین اور مکمل طبی معائنہ کرانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی جا رہی ہے تاکہ ان کی صحت کی صورت حال کا درست اندازہ لگایا جاسکے اور ضرورت کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جاسکے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہ محمود قریشی کو کسی مقدمے میں سزا نہیں ہوئی، اس لیے ان کی عمر اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کیا جانا چاہیے۔



