قرآن میوزیم میں اٹھارویں صدی عیسوی کے ایک نایاب قرآنِ پاک کی نمائش جاری ہے، جس کی آیات مبارکہ پیتل کی تختیوں پر انتہائی نفاست کے ساتھ کندہ کی گئی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ منفرد نمائش حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں منعقد کی گئی ہے۔ اس نادر نسخے کی تیاری اٹھارویں صدی عیسوی میں مکمل ہوئی تھی اور اسے اسلامی خطاطی اور فنِ کندہ کاری کا ایک شاندار نمونہ قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر، وزیراعظم کا شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو خراجِ عقیدت
یہ تاریخی شاہکار اس دور میں اسلامی فنِ تحریر کی اعلیٰ مہارت اور قرآنِ مجید کی حفاظت اور خوبصورتی کے لیے اختیار کیے گئے منفرد انداز کی عکاسی کرتا ہے۔
پیتل کی تختیوں پر آیاتِ قرآنی کی نقش کاری اس بات کا ثبوت ہے کہ اُس زمانے میں علمی درستگی اور فنی مہارت کو یکجا کرکے ایسے لازوال فن پارے تخلیق کیے جاتے تھے، جو آج بھی دیکھنے والوں کو متاثر کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ نادر نسخہ اسلامی تہذیب کے علمی اور فنی ورثے کی ایک قیمتی یادگار ہے، جو خطاطی، کندہ کاری اور قرآنِ مجید سے مسلمانوں کی عقیدت کا خوبصورت اظہار پیش کرتا ہے۔