اسپین حکومت کی نئی ریگولرائزیشن پالیسی کے حوالے سے ایک اہم وضاحت سامنے آئی ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز امپلائمنٹ کے مطابق اسپین کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا حالیہ فیصلہ صرف ان افراد پر لاگو ہوگا جو 31 دسمبر 2025 سے پہلے ملک میں موجود تھے اور مقررہ شرائط پر پورا اترتے ہیں۔
حکام کے مطابق درخواست دہندگان کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں، وہ 2025 کے اختتام سے قبل اسپین پہنچے تھے اور کم از کم پانچ ماہ سے وہاں مقیم ہیں۔
اس کے علاوہ وہ افراد بھی اس پروگرام کے تحت درخواست دینے کے اہل ہوں گے جنہوں نے 31 دسمبر 2025 سے پہلے پناہ کے لیے درخواست دی تھی۔ کامیاب درخواست گزاروں کو ایک سال کے لیے رہائشی اجازت نامہ دیے جانے کی توقع ہے، جس کی بعد میں تجدید بھی ممکن ہوگی۔