اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی کارروائی شروع کردی، کئی مقامات سے صہیونی فوج لبنان میں داخل ہوگئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹر کے مطابق لبنان میں اسرائیلی فوج نے زمینی کارروائی شروع کردی، صیہونی فوج نے کئی مقامات پر لبنانی سرحد کو عبور کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق لبنانی فوج 7 سرحدی پوسٹیں خالی کرکے پیچھے ہٹ گئی۔
حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کی رامت ڈیوڈ ایئربیس پر حملہ کیا گیا ہے۔حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ ایئربیس کے کنٹرول روم اور ریڈار سسٹم کو ڈرونز سے نشانہ بنایا،یہ حملے لبنان پر اسرائیلی بمباری کا جواب ہے۔
لبنان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ نے ابھی اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد 52 افراد ہلاک اور 154 زخمی ہوئے ہیں، اس سے پہلے لبنانی وزارتِ صحت نے کہا تھا کہ صیہونی حملوں میں 31 افراد جاں بحق اور 149 زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضاحیہ میں بھی ایک بڑا دھماکہ ہوا ہے، جو ایران سے منسلک حزب اللہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، اس سے پہلے امریکہ نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں پر زور دیا تھا ہے کہ وہ فوراً ملک چھوڑ دیں۔