اپنا گھر اسکیم میں قرضوں کی فراہمی ! وزیراعظم کی بینکوں کو سخت وارننگ
وزیراعظم شہباز شریف نے خبردار کیا کہ اپنا گھر اسکیم’ کے لیے قرضوں کی فراہمی میں سست روی کا مظاہرہ کرنے والے بینکوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ترجیحی شعبوں کو آسان قرضوں کی فراہمی اور سہولیات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے واضح اعلان کیا کہ کسانوں، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار اور ‘اپنا گھر اسکیم’ کے لیے قرضوں کی فراہمی میں سست روی کا مظاہرہ کرنے والے بینکوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ، ہاؤسنگ اور زراعت کو ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے ان شعبوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کسانوں، چھوٹے تاجروں اور اپنا گھر اسکیم کے تحت عام شہریوں کو قرضوں کی آسان اور بلا تاخیر فراہمی یقینی بنائی جائے، جن بینکوں نے آسان قرضوں کی فراہمی میں تعاون کیا وہ قابلِ ستائش ہیں، لیکن جہاں سستی کی جائے گی وہاں قانونی و انتظامی کارروائی ہوگی۔



