معرکۂ حق اس حقیقت کی روشن دلیل ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے ، وزیراعظم کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات اور احسانات پر سجدۂ شکر ادا کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آزمائش کی گھڑی میں دشمن کو عبرتناک شکست دی جبکہ پوری قوم اپنے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کیلئے فولادی دیوار بن کر کردار ادا کیا۔
پاکستان ویمنز کا زمبابوے کیخلاف ٹی 20 سکواڈ کا اعلان، فاطمہ ثناء کپتان برقرار
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی افواج نے ملک کو ایک ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا اور معرکۂ حق نے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم امن پسند ہونے کے ساتھ اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ ان کے مطابق دشمن کی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی اور دشمن کے ناقابلِ شکست ہونے کے دعوے کو خاک میں ملا دیا۔
شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں نے قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ دفاعِ وطن کا حق ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر وقت مکمل طور پر تیار اور چوکس ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور ’’فتنہ الخوارج‘‘ اور ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے جو نہ صرف اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ عالمی امن و استحکام میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع میں پاکستان کی ثالثی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے اس عزم کی تجدید کی جائے کہ پوری قوم فولادی دیوار بن کر دشمن کا مقابلہ کرے گی اور وطن کی ترقی و استحکام کیلئے متحد رہے گی۔