تحریک انصاف کا آزاد کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
آزادکشمیر کی صورتحال سے متعلق فضل الرحمان کوئی لائحہ عمل نکالتے ہیں تو یہ اچھی بات ہوگی: خواجہ آصف
اعلامیے کے مطابق موجودہ حالات کے پیش نظر انتخابات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹی نے واضح کیا کہ یہ کوئی سیاسی حکمت عملی نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اصولی اور اخلاقی یکجہتی کا اظہار ہے۔
پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ اس وقت آزاد جموں و کشمیر شدید سیاسی اور انسانی بحران سے گزر رہا ہے، ایسے حالات میں انتخابی عمل میں حصہ لینا مناسب نہیں سمجھا گیا۔
پارٹی قیادت نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور پی ٹی آئی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔