ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کوئی کچھ بھی کر لے، وہ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی بات کی گئی تو وہ اس کی بھی بھرپور حمایت کریں گے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ دسمبر ایک اہم مہینہ ہے اور جو بھی فیصلہ ہونا ہے، وہ آئندہ بجٹ سے پہلے ہونا چاہیے۔ نئے صوبوں کا قیام ہماری نسلوں کی بقا کا معاملہ اور ہماری لائف لائن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم
انہوں نے کہا کہ اگر نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات چیت سرکاری سطح پر نہ ہوتی تو اب تک کوئی نہ کوئی اسے رکوا چکا ہوتا۔ اب کسی سیاسی جماعت کو نہیں بلکہ ریاست کو بچانے کا وقت آگیا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے پاکستان تحریک انصاف کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بغیر کسی شرط کے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کی حمایت کرے، کیونکہ یہ اس کے لیے ریاست کے ساتھ اپنے معاملات بہتر بنانے کا بہترین موقع ہے۔
ایم کیو ایم رہنما کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم چاہیں تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر ریفرنڈم کی منظوری بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سمجھدار ہیں اور جانتے ہیں کہ ہر کام کا ایک مناسب وقت ہوتا ہے۔



