آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میران شاہ، شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ انہیں علاقے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سے قطری وزیر داخلہ کی ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور وطنِ عزیز کے دفاع و سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
خیبر پختونخوا پولیس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے پولیس کو ایک بہادر صفِ اول کا دستہ قرار دیا۔ انہوں نے دہشت گردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف پولیس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار بھی کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور ہم آہنگی کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کا فیصلہ کن خاتمہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا میں طویل جدوجہد اور بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
قبل ازیں میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔



