Gas Leakage Web ad 1

جعلی انسانی تصدیق کے ذریعے کمپیوٹرز میں وائرس پھیلانے کا نیا سائبر فراڈ

0

سائبر جرائم پیشہ افراد نے انٹرنیٹ صارفین کے کمپیوٹرز میں نقصان دہ سافٹ ویئر داخل کرنے کے لیے دھوکا دہی کا ایک نیا طریقہ اختیار کر لیا ہے، جس میں جعلی کیپچا (CAPTCHA) کے ذریعے صارفین کو خود اپنے کمپیوٹرز میں میل ویئر انسٹال کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے اس طریقہ واردات کو ’کلک فکس‘ (ClickFix) کا نام دیا ہے۔ اس طریقے میں صارفین کو کسی ویب سائٹ پر انسانی شناخت کی تصدیق کے نام پر غیر معمولی ہدایات دی جاتی ہیں، جن میں کی بورڈ کے مخصوص بٹن دبانا، کمانڈ چلانا یا کوئی عبارت کاپی کرکے پیسٹ کرنا شامل ہوتا ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق عام طور پر کیپچا کے ذریعے صارفین سے تصاویر منتخب کرنے، حروف پہچاننے یا دیگر سادہ مراحل کے ذریعے یہ ثابت کرنے کو کہا جاتا ہے کہ وہ انسان ہیں، لیکن کلک فکس میں اسی معمول کی کارروائی کو دھوکا دہی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

سائبر سیکیورٹی کمپنی میل ویئر بائٹس کے محقق کرس فسٹوچنک کے مطابق کلک فکس ان دنوں سائبر جرائم پیشہ افراد کی جانب سے استعمال کی جانے والی نمایاں میل ویئر مہمات میں شامل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ صارفین روزانہ مختلف ویب سائٹس پر انسانی شناخت کی تصدیق کے مراحل سے گزرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ ایسے پیغامات کو معمول کی کارروائی سمجھ کر ان پر عمل کر لیتے ہیں۔ سائبر مجرم اسی اعتماد کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس طریقہ کار کی خطرناکی یہ ہے کہ صارفین کو خود ایسے اقدامات کرنے پر آمادہ کیا جاتا ہے جن کے نتیجے میں ان کے کمپیوٹرز نقصان دہ سافٹ ویئر کی زد میں آ سکتے ہیں۔ اس طرح صارفین انجانے میں اپنے ہی سسٹم کی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ویب سائٹ پر انسانی شناخت کی تصدیق کے نام پر کی بورڈ سے غیر معمولی کمانڈز چلانے، مخصوص بٹن دبانے یا کسی عبارت کو کاپی کرکے کمپیوٹر میں پیسٹ کرنے کی ہدایت دی جائے تو اس پر ہرگز عمل نہ کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حقیقی کیپچا تصدیق کے لیے صارفین کو کمپیوٹر کی کمانڈز چلانے یا نامعلوم ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس لیے کسی بھی مشکوک ویب سائٹ یا غیر معمولی تصدیقی پیغام پر اعتماد کرنے سے پہلے اس کی حقیقت جانچنا ضروری ہے۔

انٹرنیٹ صارفین کو چاہیے کہ اپنے کمپیوٹرز اور دیگر ڈیجیٹل آلات میں سیکیورٹی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ رکھیں، مشکوک لنکس سے گریز کریں اور نامعلوم ذرائع سے موصول ہونے والی ہدایات پر عمل نہ کریں تاکہ وہ آن لائن فراڈ، ڈیٹا چوری اور میل ویئر حملوں سے محفوظ رہ سکیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.