مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کے چیف ایگزیکٹو ڈاریو اموڈی نے امید ظاہر کی ہے کہ اے آئی کی مدد سے اگلے دس برس سے بھی کم عرصے میں کینسر، الزائمر، دل کی بیماریوں اور ذہنی امراض جیسے بڑے طبی مسائل پر قابو پانے میں نمایاں پیش رفت ہو سکتی ہے۔

ان کے مطابق مصنوعی ذہانت طبی تحقیق اور نئی ادویات کی تیاری کے عمل کو غیر معمولی رفتار دے سکتی ہے۔ اے آئی کی مدد سے ایسے امراض کے علاج کی راہیں تلاش کرنا ممکن ہو سکتا ہے جن پر طویل عرصے سے تحقیق جاری ہے۔
اس سے پہلے گوگل کے اے آئی شعبے کے سربراہ ڈیماس ہسابیس اور ایلون مسک بھی اسی نوعیت کی امیدیں ظاہر کر چکے ہیں۔ ہسابیس کے مطابق اے آئی ادویات کی تیاری کے اس عمل کو، جس میں عموماً دس سال لگ جاتے ہیں، چند ہفتوں تک محدود کر سکتی ہے۔ انہوں نے گوگل کے نظام ’الفا فولڈ‘ کی مثال دی، جس نے 20 کروڑ سے زائد پروٹین ساختوں کی پیش گوئی اور نقشہ سازی کی ہے۔
تاہم طبی ماہرین اور دوا ساز اداروں کے بعض سربراہان ان دعوؤں کو حقیقت سے دور سمجھتے ہیں۔ ورٹیکس فارماسیوٹیکلز کے چیئرمین جیف لیڈن نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے 50 اے آئی نظام آزمائے، جن سے 10 ہزار ادویاتی مرکبات کا جائزہ لیا گیا، لیکن کوئی نظام خودمختار طور پر مؤثر دوا تیار نہیں کر سکا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر کے ذریعے کسی ممکنہ دوا کی نشاندہی صرف تحقیق کا ابتدائی مرحلہ ہے۔ اس کے بعد لیبارٹری میں جانچ، جانوروں پر تجربات، انسانوں پر مختلف مراحل میں طبی آزمائشیں اور حکام سے منظوری ضروری ہوتی ہے۔ یہ پورا عمل عموماً 10 سے 12 سال لے سکتا ہے، جسے صرف اے آئی سے مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق موجودہ اے آئی نظام ابھی انسانی جسم اور بیماریوں سے جڑے پیچیدہ حیاتیاتی عوامل کو مکمل طور پر سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ 2026 تک اے آئی کی مدد سے تیار کی گئی کوئی دوا مکمل طبی منظوری حاصل کر کے وسیع پیمانے پر استعمال میں نہیں آئی، جس سے ان بڑے دعوؤں کی عملی تصدیق ہو سکے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ماضی میں بھی کینسر سمیت کئی بڑے امراض کے خاتمے سے متعلق بلند بانگ پیش گوئیاں کی جاتی رہی ہیں، لیکن مقررہ مدت میں ان کے نتائج سامنے نہیں آ سکے۔ اس لیے اے آئی کے ذریعے چند برس میں تمام بڑی بیماریوں پر قابو پانے کے دعوؤں کو فی الحال محتاط انداز میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔



