پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ صوبے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔

ثمر ہارون بلور کے مطابق نیب نے 13 نومبر کو دو اہم انکوائریوں کے سلسلے میں متعدد افراد کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔
چاغی میں 8 مقامات پر تانبے اور سونے کے معدنی ذخائر کے شواہد دریافت
انہوں نے بتایا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے اہلخانہ کی کاروباری شراکت داریوں سے متعلق ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔
ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر امجد علی کے خلاف جاری انکوائری کے سلسلے میں 9 افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ اسلام آباد میں جائیداد کی خریداری کے معاملے پر 5 افراد کو بطور گواہ طلب کیا گیا ہے۔ مذکورہ جائیداد کی خریداری کے لیے کی جانے والی 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کی ادائیگیوں کی بھی چھان بین جاری ہے۔
ان کے مطابق نیب نے پانچوں افراد کو 19 نومبر کو تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ڈاکٹر امجد علی کے کیس میں دوسرا کال اپ نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ثمر ہارون بلور نے مزید بتایا کہ ایک گواہ کو 17 نومبر کو طلب کیا گیا ہے، جبکہ اس معاملے میں 4 نجی کمپنیوں کا بینک ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔



