اداکار خوشحال خان نے اپنی اہلیہ رمشا خان کے شوبز اور سوشل میڈیا سے دور ہونے پر پھیلنے والی باتوں پر پہلی بار کھل کر وضاحت دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مکمل طور پر رمشا کا اپنا تھا، اس میں ان کا کوئی دباؤ یا پابندی شامل نہیں تھی۔
ایک انٹرویو میں خوشحال نے کہا کہ وہ کسی دوسرے شخص کی زندگی کے فیصلوں پر حکم نہیں چلا سکتے۔ رمشا نے خود یہ فیصلہ کیا تھا اور وہ اس پر پوری طرح قائم تھیں۔
انہوں نے ایک دلچسپ بات بھی بتائی کہ جب انہوں نے رمشا سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے فیصلے پر پکی ہیں، تو رمشا نے مذاق میں کہا کہ ان کے فیصلے پر سوال نہ اٹھایا جائے۔
خوشحال نے اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا کہ ان کے پشتون پس منظر کی وجہ سے یہ فیصلہ کروایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ یا بھائی کے لیے بھی اس طرح کے فیصلے نہیں کرتے، تو اہلیہ پر کیسے پابندی لگائیں گے۔
ان کے مطابق رمشا نے سوشل میڈیا پر منفی رویوں اور ناخوشگوار تجربات کی وجہ سے وہاں سے دور رہنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ وہ اب وہاں خود کو پہلے جیسا پرسکون محسوس نہیں کرتی تھیں۔



