اے آئی 10 سال میں کینسر کو جڑ سے ختم کرسکتا ہے: اینتھروپک کے سربراہ کا دعویٰ
معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’اینتھروپک‘ کے چیف ایگزیکٹیو ڈاریو اموڈی نے پیش گوئی کی ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیز رفتار ترقی کے باعث اگلے 10 سال میں کینسر جیسی پیچیدہ بیماریوں کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔

کلاڈ (Claude) نامی اے آئی سسٹم کی مالک کمپنی اینتھروپک کے سربراہ کے مطابق ان کے خیال میں ایک دہائی سے بھی کم عرصے میں کینسر، الزائمر، دل کی بیماریاں اور ذہنی امراض ماضی کا قصہ بن سکتے ہیں۔
ان کے بقول ’ٹیکنالوجی کے درست استعمال سے ہم معجزات کے ایک ایسے دور کا آغاز کر سکتے ہیں جہاں انسانیت کو ہزاروں سال سے درپیش مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت حیاتیاتی تحقیق، نئی ادویات کی تیاری اور طبی دریافتوں کے عمل کو غیر معمولی رفتار دے سکتی ہے۔
اس سے قبل مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ کئی دیگر معروف شخصیات بیس اس ٹیکنالوجی کے ذریعے متعدد بیماریوں کے خاتمے کی امید ظاہر کر چکے ہیں جن میں ایلون مسک اور گوگل کے اے آئی شعبے ’ڈیپ مائنڈ‘ کے شریک بانی ڈیپمس ہسابس شامل ہیں۔
ڈیپمس ہسابس کے مطابق مصنوعی ذہانت ایسی ادویات جن کی تیاری کا عمل ایک دہائی پر محیط ہوتا ہے، کو چند ہفتوں تک لاسکتی ہے۔
انہوں نے گوگل کے مصنوعی ذہانت کے نظام ’الفا فولڈ‘ کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام نے 20 کروڑ سے زائد پروٹینز کی ساخت کی پیش گوئی میں مدد فراہم کی، جو حیاتیاتی تحقیق میں ایک اہم سائنسی پیش رفت ہے۔
ایلون مسک بھی دعویٰ کر چکے ہیں کہ مصنوعی ذہانت میں ترقی کے نتیجے میں پوری انسانیت کو اسی معیار کی بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں گی جو اس وقت امریکا کے صدر کو حاصل ہیں۔
سائنس دانوں کا مؤقف
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شعبہ طب سے وابستہ کئی معروف شخصیات اور سائنس دانوں نے ٹیک کمپنیوں کی جانب سے ان پیش گوئیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسترد کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دوا سازی کی صنعت سے وابستہ ماہرین کا اس بات پر اتفاق ہے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے ابتدائی مرحلے میں ممکنہ ادویاتی مرکبات کی شناخت کا عمل تیز ضرور ہو سکتا ہے، لیکن اس سے دوا کی تیاری کے باقی ضروری مراحل ختم نہیں ہو جاتے۔
ماہرین کے مطابق کسی ممکنہ دوا کو پہلے تجربہ گاہوں میں جانچنا پڑتا ہے، پھر جانوروں پر تجربات اور اس کے بعد انسانوں پر طبی آزمائشوں سے گزارنا ضروری ہوتا ہے تاکہ اس کی افادیت اور حفاظت کا تعین کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ دوا کو متعلقہ ریگولیٹری اداروں کی منظوری بھی درکار ہوتی ہے۔
عام طور پر کسی نئی دوا کی تیاری اور منظوری کے پورے عمل میں 10 سے 12 سال لگ سکتے ہیں، جس کا بڑا حصہ طبی آزمائشوں اور دیگر لازمی جانچ پڑتال پر مشتمل ہوتا ہے۔
کینسر کے خلاف جنگ کی سابقہ پیش گوئیاں
طبی تاریخ میں کینسر سمیت متعدد موذہ بیماریوں کے خاتمے کے حوالے سے ماضی میں بھی بڑی پیش گوئیاں سامنے آتی رہی ہیں۔
اس کی ایک مثال 1970 کی دہائی میں امریکا کی جانب سے ’کینسر کے خلاف جنگ‘ نامی مہم ہے، جس کے ذریعے اس بیماری پر قابو پانے کے بڑے اہداف مقرر کیے گئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ایک دہائی میں تمام بڑی بیماریوں کے خاتمے جیسی پیش گوئیاں عوام میں غیر حقیقی توقعات پیدا کر سکتی ہیں۔
ان کے مطابق اے آئی طبی تحقیق میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور نئی ادویات کی دریافت کا عمل تیز بنا سکتی ہے، لیکن کسی ممکنہ علاج کی حقیقی افادیت ثابت کرنے کے لیے سائنسی تجربات، انسانی طبی آزمائشوں اور ریگولیٹری منظوری کے مراحل بدستور ناگزیر رہیں گے۔



