چشمہ فائیو منصوبے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چشمہ 5 پاکستان کا سب سے بڑا اور ملک کا ساتواں جوہری بجلی گھر ہوگا، جس کی تعمیر میں چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ توانائی کا تحفظ عوام کی سہولت اور ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کے ساتھ معاشی ترقی کا حصول حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
سندھ کے سیلاب متاثرین کے وعدے کی تکمیل کا دن، 10 لاکھ گھروں تعمیر کرلیے: مراد علی شاہ
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی بنیاد امن، سلامتی اور استحکام پر قائم ہے۔ مسلح افواج نے ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی متحرک قیادت میں مسلح افواج نے معرکہ حق کے دوران جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے معیشت کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حمایت کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔
پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ پاکستان چین کے صدر شی جن پنگ اور حکومت چین کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی انجینئرز نے پاکستانی ماہرین کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ سی پیک کا دوسرا مرحلہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ چشمہ فائیو منصوبہ ملک میں معاشی مواقع پیدا کرنے اور روشن مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گا۔ میانوالی کے عوام نے اس عظیم منصوبے کی فراخدلی سے میزبانی کی ہے اور چشمہ منصوبہ پاکستان سمیت میانوالی کے عوام کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قائداعظم کے خوابوں کے مطابق پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خودمختار ملک بنانا ہے۔ ایک خوشحال، پرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر ہم سب کا مشترکہ عزم ہے۔



