تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی اور ہزاروں افراد کے گھر متاثر ہو کر تباہ ہوگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں حکومت کو متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم آج سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے کی تکمیل کا دن ہے۔ سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کے تحت 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے، جو ایک تاریخی سنگ میل ہے۔
عمران خان، بشریٰ بی بی کی وکلا سے ایک گھنٹے تک ملاقات کروانے کا حکم
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے کے 23 اضلاع میں سیلاب متاثرین کے لیے موسمیاتی اثرات سے محفوظ 21 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تعمیر کیے جانے والے تمام گھروں کی جیو ٹیگنگ اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے تصدیق کی گئی ہے تاکہ منصوبے میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے عالمی بینک نے 50 کروڑ ڈالر جبکہ سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک، اسلامک ڈیولپمنٹ بینک اور یورپی انویسٹمنٹ بینک کے تعاون پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کی ایک اہم کامیابی خواتین کو خودمختار بنانا ہے، کیونکہ دیہی سندھ کی لاکھوں خواتین پہلی مرتبہ اپنے گھروں کی مالکن بنی ہیں۔ خواتین کے نام پر گھروں کی رجسٹریشن محض جائیداد کی ملکیت نہیں بلکہ ان کے تحفظ، خودمختاری اور وقار کی ضمانت بھی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گھروں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اب صاف پانی، سینیٹیشن اور ڈرینیج کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ تقریباً ایک ارب ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری سے 4 ہزار 800 دیہات کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹھیکیداروں کے بجائے متاثرہ خاندانوں کو خود اپنے گھر تعمیر کرنے کے لیے بااختیار بنایا تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق رہائش گاہیں تعمیر کرسکیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز (ایس پی ایچ ایف) کی صرف 40 افراد پر مشتمل ٹیم نے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے یہ تاریخی کام مکمل کیا، تاہم اس منصوبے کے اصل ہیرو سندھ کے عوام ہیں، جنہوں نے ہمت، حوصلے اور محنت سے اپنے گھر تعمیر کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اب سفر 21 لاکھ گھروں کے مقررہ ہدف کی جانب جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کی امیدوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں۔



