Gas Leakage Web ad 1

اسٹاک مارکیٹ میں 10 ماہ کے دوران تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار سرمایہ کاروں کا اضافہ

0

*اسٹاک مارکیٹ میں 10 ماہ کے دوران تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار سرمایہ کاروں کا اضافہ*

 

Gas Leakage Web ad 2

*سرمایہ کاروں کی تعداد میں 47.5 فیصد اضافہ، اکتوبر میں اسٹاک ایکسچینج میں 26,843 نئے سرمایہ اکاؤنٹ کھولے گئے*

 

اسلام آباد: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران سرمایہ کاروں کی تعداد میں تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔

 

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال کے آغاز میں اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد 4 لاکھ 63 ہزار 71 تھی۔

 

جنوری سے اکتوبر تک مارکیٹ میں 47.5 فیصد اضافے کے ساتھ اکتوبر کے اختتام پر مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد تقریباً 6 لاکھ 83 ہزار 61 ہو گئی۔

 

اکتوبر کے مہینے میں اسٹاک مارکیٹ میں 26 ہزار 843 نئے اکاؤنٹس کھولے گئے، ان میں 26 ہزار 801 انفرادی اور 42 کارپوریٹ اکاؤنٹس شامل ہیں۔

 

پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج میں بھی اکتوبر کے دوران ایک ہزار 77 نئے اکاؤنٹس کھولے گئے، اس کے ساتھ پی ایم ای ایکس میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 61 ہزار 915 ہو گئی۔

 

اسٹاک ایکسچینج میں کھلنے والے نئے اکاؤنٹس میں نوجوانوں کا حصہ نمایاں رہا، 18 سے 30 سال کے افراد نے 14 ہزار 634 اکاؤنٹس کھولے، جو مجموعی انفرادی اکاؤنٹس کا 54.6 فیصد ہیں۔

 

31 سے 45 سال کے افراد نے 9 ہزار 290 اکاؤنٹس کھولے، جن کا حصہ 34.7 فیصد رہا، مجموعی طور پر 18 سے 45 سال کے افراد نے 23 ہزار 924 اکاؤنٹس کھولے اور ان کا حصہ 89.3 فیصد رہا۔

 

مردوں نے 22 ہزار 878 اور خواتین نے 3 ہزار 923 نئے اکاؤنٹس کھولے، نئے انفرادی اکاؤنٹس میں مردوں کا حصہ 85.4 فیصد اور خواتین کا 14.6 فیصد رہا۔

 

صوبائی اور علاقائی تقسیم کے مطابق پنجاب سے سب سے زیادہ 14 ہزار 891 نئے اکاؤنٹس کھولے گئے، سندھ سے 7 ہزار 643، خیبر پختونخوا سے ایک ہزار 894 اور اسلام آباد سے ایک ہزار 419 اکاؤنٹس کھولے گئے۔

 

بلوچستان سے 370، آزاد جموں و کشمیر سے 340، گلگت بلتستان سے 150 اور بیرون ملک سے 136 نئے اکاؤنٹس کھولے گئے، پنجاب اور سندھ کا مجموعی حصہ 83.9 فیصد رہا۔

 

ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانا اور سرمایہ کاروں کے حقوق کا تحفظ ادارے کی ترجیح ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ شفافیت اور مؤثر نگرانی کے ذریعے سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط بنایا جائے گا، سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانے کے لیے ملک گیر آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کے ایس ای 100 انڈیکس میں 43.5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مارکیٹ میں 14 کمپنیوں نے اپنے شیئرز پبلک آفرنگ کے لیے پیش کیے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.