سگریٹ نوشی سے نجات پانا چاہتے ہیں؟ تو اس آسان عادت کو آج ہی اپنالیں
**ورزش کی عادت اپنا کر سگریٹ نوشی سے نجات پانا ممکن، تحقیق**

کیا آپ سگریٹ نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں لیکن آپ کو یہ کام مشکل محسوس ہوتا ہے؟ اگر ایسا ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ طبی ماہرین نے سگریٹ نوشی کی عادت ترک کرنے میں مددگار ایک آسان طریقہ دریافت کیا ہے۔
تحقیق کے مطابق ورزش کو معمول کا حصہ بنا کر تمباکو نوشی کی لت سے نجات حاصل کرنے میں کامیابی ممکن ہے۔ یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
ایڈیلیڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ورزش کو عادت بنانے سے سگریٹ نوشی چھوڑنے کی کوشش میں کامیابی کے امکانات 15 فیصد جبکہ اس لت سے نجات حاصل کرنے کے بعد دوبارہ سگریٹ نوشی سے دور رہنے کے امکانات 21 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ورزش کرنے والے افراد بتدریج سگریٹ کی تعداد کم کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، کیونکہ ورزش سے سگریٹ پینے کی طلب میں کمی آتی ہے۔
اس تحقیق میں 9 ہزار افراد پر کیے گئے 59 کلینیکل ٹرائلز کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ ان کلینیکل ٹرائلز میں یہ جائزہ لیا گیا تھا کہ ورزش کرنے سے تمباکو نوشی سے دور رہنے، سگریٹ پینے کی خواہش، اسے چھوڑنے کی کوشش کے دوران سامنے آنے والی علامات اور مزاج پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
دنیا بھر میں تمباکو نوشی کے نتیجے میں ہر سال 70 لاکھ افراد موت کا شکار ہوتے ہیں، جبکہ 17 لاکھ افراد سگریٹ نوشی سے دور رہنے کے باوجود دوسروں کے چھوڑے ہوئے دھویں، یعنی سیکنڈ ہینڈ اسموک، سے متاثر ہوتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ورزش ایک عملی اور کم لاگت طریقہ ہے، جس کی مدد سے سگریٹ نوشی چھوڑنے کی کوشش میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمباکو نوشی سے گریز کسی بھی فرد کی صحت کے لیے بہترین اقدامات میں سے ایک ہے، تاہم اس عادت سے نجات حاصل کرنا انتہائی مشکل ثابت ہوسکتا ہے۔
محققین کے مطابق ورزش کو سگریٹ نوشی چھوڑنے کے لیے کونسلنگ اور تمباکو کی طلب کم کرنے والی ادویات کا متبادل قرار نہیں دیا جاسکتا، تاہم اسے معمول کا حصہ بنانے میں کوئی نقصان نہیں ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف اسپورٹ اینڈ ہیلتھ سائنس میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل دسمبر 2023 میں آسٹریا کی یونیورسٹی آف انسبرک کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ تیز رفتاری سے چہل قدمی کرنے سے سگریٹ پینے کی خواہش میں عارضی طور پر کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس تحقیق کے مطابق اگر کوئی فرد تمباکو نوشی کی عادت چھوڑنا چاہتا ہے تو گھر کے اندر یا باہر 10 منٹ کی معتدل ورزش سے سگریٹ پینے کی خواہش پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
درحقیقت، اس طرح ورزش کرنے سے تمباکو نوشی چھوڑنے کے بعد سامنے آنے والی علامات سے بچنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔



