ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں پاسکو ملتان زون کے ڈپٹی جنرل منیجر (ڈی جی ایم)، پروجیکٹ مینیجر اور ویجیلنس افسر بھی شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملزمان پر باہمی ملی بھگت سے سال 2024 کی مقامی گندم کے 25 ہزار 58 تھیلے خوردبرد کرنے کا الزام ہے، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 33 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر عطاء تارڑ سے قومی ون ڈے کپتان شاہین آفریدی کی ملاقات
دوسری جانب ملزمان پر سال 2022 کی درآمدی گندم کے 105.3 میٹرک ٹن کی خوردبرد کا بھی الزام ہے۔ اس مبینہ خوردبرد کے باعث سرکاری خزانے کو ایک کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا تھا کہ دونوں مقدمات میں مبینہ خوردبرد کے باعث قومی خزانے کو مجموعی طور پر 34 کروڑ 76 لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچا۔ ملزمان کو مقدمہ نمبر 39/2026 میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی اے ملتان نے واقعے سے متعلق مزید تفتیش شروع کردی ہے۔



