وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز ایک نہایت خوش آئند تبدیلی آئی ہے، جس کے بعد صوبے کے عوام کو دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا اختیار مل گیا ہے۔
باکو میں نصر اقبال سردار خان کو بین الاقوامی ایوارڈ، پاکستانی قیدیوں کی رہائی، بچوں کے علاج اور فلاحی خدمات کا اعتراف
اسلام آباد میں خیبر پختونخوا سے متعلق ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ صوبے کے عوام چاہتے ہیں کہ ان کے علاقے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والی خوش آئند تبدیلی سے خیبر پختونخوا کے عوام کو دہشت گردی کے خلاف لڑنے اور اس ناسور کو ہمیشہ کے لیے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا اختیار ملے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے افغان طالبان حکومت کو بھی خبردار کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 6 ہزار جبکہ مجموعی طور پر 20 ہزار سے زائد دہشت گرد افغان سرزمین پر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں شدت پسندی کا خاتمہ چاہتا ہے۔
عطا تارڑ نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرکے جلد پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور اس جنگ کے باعث 100 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ کر دنیا کو محفوظ بنایا ہے۔



