Gas Leakage Web ad 1

اسلام آباد میں جدید آئی ٹی پارک قائم، وزیراعظم نے "دانش آئی ٹی پارک” کا نام دے دیا

0

وزیراعظم کی ایئرپورٹس پر فوری اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے اور مسافروں کو بلاوجہ تنگ کرنے سے روکنے کی ہدایت

Gas Leakage Web ad 2

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایئرپورٹس پر مسافروں کو درپیش مشکلات ختم کرنے اور ان کے سفر کو مزید آسان بنانے کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے ایئرپورٹس پر فوری اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے اور مسافروں کو بلاوجہ پوچھ گچھ کے ذریعے تنگ کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
وزیراعظم کا طالبہ کی خودکشی کے واقعے کا نوٹس، ملزم فوری گرفتار کرنے کا حکم
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ احکامات شہباز شریف نے اسلام آباد میں اپنی زیر صدارت کسٹمز کے نظام کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کے دوران جاری کیے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکینرز فوری نصب کیے جائیں اور مسافروں کے سامان کی جانچ کسٹمز حکام کے بجائے ان اسکینرز کے ذریعے کی جائے۔

وزیراعظم نے اسمارٹ اسکینرز فوری طور پر فضائی راستے سے پاکستان منگوا کر تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر نصب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کے سامان کی جانچ کے لیے فرسودہ طریقہ کار ترک کرنا ہوگا۔ مسافروں کی سہولت اور آرام اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی انہیں تنگ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسافروں کے سامان کی جانچ کے لیے بین الاقوامی سطح پر رائج خودکار نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ ہوائی اڈوں پر دیگر سہولیات کے لیے تعینات عملے کی تربیت بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سروس کی فراہمی میں شائستگی اور انسانی احترام کو تربیت کا کلیدی جزو بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کسٹمز کی جانب سے انفورسمنٹ کے نئے نظام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا سہرا چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محصولات کی چوری روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔ ٹیکس ادا کرنے والے کاروبار قابلِ احترام ہیں، جبکہ ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب عوام کے پیسے کی امین ہے اور اس کی حفاظت کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں سمیت ملک کے مختلف مقامات پر سامان کی آمدورفت اور کسٹمز کی نگرانی کے نظام کا جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کو کسٹمز انفورسمنٹ فورس کی کارکردگی اور پٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹمز انفورسمنٹ کے تحت ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام اور عملی فعالیت کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انڈس کلکٹریٹ انفورسمنٹ نے اپنے قیام کے ابتدائی تین ہفتوں کے دوران 80 کارروائیوں میں تقریباً 20 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی اشیاء ضبط کیں۔ اس دوران 865 اہلکار تعینات کیے گئے اور 26 اہم راہداریوں کا احاطہ کیا گیا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسمگل شدہ کپڑے، گاڑیوں، سگریٹس، ہائی اسپیڈ ڈیزل، آٹو پارٹس اور دیگر اشیاء کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کسٹمز کے شعبے میں اصلاحات کے تحت 280 گڈز ایویلیوٹرز کی بھرتی بھی مکمل کر لی گئی ہے، جن کی تربیت اکتوبر اور نومبر 2026 میں ہوگی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے گئے اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں کسٹمز انفورسمنٹ کے نظام کو یکجا کرکے ملک بھر میں ایک مربوط ادارہ قائم کیا گیا ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، ارکان قومی اسمبلی عثمان اویسی، رانا ارادت شریف خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.