Gas Leakage Web ad 1

فون تبدیل کرتے وقت ڈیٹا اور پرائیویسی کیسے محفوظ رکھی جائے؟

0

پرانا فون تبدیل کرتے وقت اپنا ڈیٹا محفوظ طریقے سے نئے فون میں منتقل کرنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ معمولی سی غفلت بھی ذاتی معلومات کے غلط استعمال، بلیک میلنگ اور دیگر مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

سائبر سیکیورٹی ایکسپرٹ آصف اقبال نے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز کے تحفظ کے حوالے سے صارفین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر معتبر دکانوں سے ڈیٹا ٹرانسفر کرانے یا مشکوک ایپس انسٹال کرنے کی صورت میں تصاویر، ویڈیوز، رابطہ نمبرز اور دیگر حساس معلومات تک غیر مجاز رسائی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل فون میں ہماری نجی تصاویر، ویڈیوز، پیغامات، رابطہ نمبرز اور دیگر اہم معلومات محفوظ ہوتی ہیں، اس لیے فون تبدیل کرنے، مرمت کرانے یا ایک ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس میں ڈیٹا منتقل کرتے وقت خصوصی احتیاط ضروری ہے۔

بعض صورتوں میں صارفین کا ذاتی ڈیٹا غیر مجاز طور پر کاپی یا منتقل کیا جا سکتا ہے، جسے بعد میں فروخت، ہراساں کرنے یا بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے ممکن ہو تو فون کی مرمت یا ڈیٹا ٹرانسفر اپنی موجودگی میں کروایا جائے اور کسی غیر متعلقہ شخص کو حساس معلومات تک غیر ضروری رسائی نہ دی جائے۔

ماہر نے مشورہ دیا کہ موبائل فون پر مضبوط پاس ورڈ، پن، فنگر پرنٹ یا دیگر سیکیورٹی فیچرز لازمی فعال رکھے جائیں تاکہ فون گم یا چوری ہونے کی صورت میں ذاتی معلومات تک آسانی سے رسائی حاصل نہ کی جا سکے۔

موبائل ایپس کے استعمال میں بھی احتیاط ضروری ہے۔ کسی بھی غیر معروف ایپ کو انسٹال کرنے سے پہلے اس کے ڈویلپر، ریٹنگ، صارفین کے جائزوں اور مطلوبہ اجازتوں کا جائزہ لینا چاہیے۔

کئی ایپس انسٹالیشن کے دوران گیلری، مائیکروفون، کانٹیکٹس اور لوکیشن سمیت مختلف معلومات تک رسائی کی اجازت طلب کرتی ہیں۔ صارفین کو صرف ضرورت کے مطابق اجازت دینی چاہیے اور جہاں ممکن ہو محدود رسائی کے آپشن کا انتخاب کرنا چاہیے۔

خاص طور پر حساس تصاویر، ویڈیوز یا نجی معلومات رکھنے والے افراد کو فون کی سیکیورٹی کے حوالے سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ غیر ضروری اجازتوں کو بند رکھنا اور صرف قابلِ اعتماد ایپس استعمال کرنا ذاتی ڈیٹا کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.