سندھ کے محکمہ تعلیم نے میٹرک پاس امیدواروں سے متعلق وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی بھرتی کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت گریجویشن مقرر ہے۔
ترجمان محکمہ تعلیم کے مطابق سندھ ریکروٹمنٹ آف ٹیچرز پالیسی 2021 کے تحت اساتذہ کی بھرتی کے لیے کم از کم شرط گریجویشن ہے، جبکہ گزشتہ 20 برس کے دوران میٹرک پاس کسی امیدوار کو بطور استاد بھرتی نہیں کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سالانہ اسکول مردم شماری کے مطابق میٹرک تک تعلیم رکھنے والے افراد کی تعداد صرف 1.46 فیصد ہے، جن میں زیادہ تر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیولپمنٹ (NCHD) کے فیڈر ٹیچرز شامل ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق این سی ایچ ڈی کے فیڈر ٹیچرز صوبائی محکمہ تعلیم کی بھرتیوں کے تحت نہیں آتے بلکہ فکسڈ پے پر کمیونٹی سپورٹ رولز کے تحت خدمات انجام دیتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ میٹرک پاس اساتذہ کی بھرتی سے متعلق 1.46 فیصد کا ڈیٹا پیش کرنا حقائق کے منافی ہے، کیونکہ سالانہ اسکول مردم شماری کے اعداد و شمار کو سیاق و سباق کے بغیر پیش کیا گیا۔
محکمہ تعلیم کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری سروس رولز کے تحت اساتذہ کے لیے اعلیٰ تعلیمی اور پیشہ ورانہ قابلیت کا ہونا لازمی ہے۔