واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر ردعمل سامنے آگیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا ہے کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے بالآخر مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ ایران کیخلاف جنگ میں حصہ نہ لینے پر جنوبی کوریا سے ناراض
ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کا مظہر ہے کہ مشرقِ وسطیٰ متحد ہو رہا ہے اور ممالک اب زیادہ مؤثر انداز میں اپنا دفاع کرنے کے قابل ہوں گے۔
امریکی صدر نے تینوں ممالک کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا، جرات مندانہ اور اہم پہلا قدم ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ 7 اگست کو مکہ میں طے پایا تھا۔
معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب یا ترکیہ میں سے کسی ایک ملک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ’’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘‘ پر دستخط کیے تھے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے معاہدے میں توسیع کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاہدہ امن و سلامتی کے حوالے سے صرف تین ممالک تک محدود نہیں ہے۔