اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ "پڑھو خیبر پختونخوا” منصوبے کے تحت صوبے کا مکمل نصاب ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، جبکہ تمام درسی کتب طلبہ کو موبائل فون پر دستیاب ہوں گی اور طلبہ انٹرنیٹ کے بغیر بھی کسی بھی وقت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ڈیجیٹل تعلیمی اصلاحات کے ذریعے سکول سے باہر لاکھوں بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کیا جائے گا، جبکہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے دور دراز اور تعلیمی سہولیات سے محروم علاقوں کے بچوں تک معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔
وفاق کی 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کی تیاری، ٹیکس اور ڈیوٹیز میں مکمل چھوٹ کی تجویز
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف آئندہ دو برس کے دوران صوبے میں شرح خواندگی میں 30 سے 35 فیصد اضافہ کرنا ہے، جبکہ 5 ارب روپے کی ایک مرتبہ سرمایہ کاری سے سالانہ 100 ارب روپے سے زائد کی بچت ممکن ہو سکے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری محکمہ تعلیم کے بجٹ کے مقابلے میں معمولی ہے، تاہم اس کے نتائج تعلیمی شعبے میں انقلابی تبدیلی کا باعث بنیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے 90 فیصد گھرانوں میں موجود اسمارٹ فونز کو تعلیم کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا، جبکہ صوبے کے 50 سے زائد سکولوں میں آن لائن تدریس کا آغاز ہو چکا ہے اور اگست کے آخر تک 500 سکولوں کو ورچوئل لرننگ نظام سے منسلک کر دیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ورچوئل لرننگ نظام میں سائنس کی جدید ورچوئل لیبارٹریز کے ساتھ ساتھ چینی، کوریائی، فرانسیسی، عربی، ہسپانوی اور انگریزی زبانوں کی ورچوئل لیبز بھی قائم کی جائیں گی، جبکہ اردو، انگریزی اور پشتو زبانوں میں ڈیجیٹل تدریس فراہم کی جائے گی۔
بریفنگ کے مطابق نئے نظام میں تدریس، امتحانات، اسائنمنٹس، حاضری اور تعلیمی نگرانی کی سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی، جبکہ مصنوعی ذہانت اور اساتذہ کی مشترکہ معاونت سے ہر طالب علم کی صلاحیت اور تعلیمی پیش رفت کے مطابق ذاتی نوعیت کی تعلیم فراہم کی جائے گی۔
شرکا کو بتایا گیا کہ طلبہ کو لائیو کلاسز، ریکارڈ شدہ لیکچرز، ہوم ورک، امتحانات اور فوری تعلیمی معاونت بھی ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام تعلیم سے بالخصوص بچیوں کی تعلیم میں حائل جغرافیائی اور سماجی رکاوٹوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ صوبے میں تعلیم کی فراہمی مزید مؤثر، آسان اور کم لاگت بنائی جائے گی۔