متیال میرہ بس ٹرمینل کے قریب سیکیورٹی فورسز پر حملہ، ایک رینجرز اہلکار جاں بحق
راولاکوٹ کے علاقے متیال میرہ بس ٹرمینل کے قریب سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے میں ایک رینجرز اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق، واقعے سے قبل مسلح افراد کی جانب سے شہری آبادی میں فائرنگ کی گئی، جس کے بعد امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا۔ بعد ازاں معاونت کے لیے پہنچنے والے رینجرز اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔
سرکاری بیان کے مطابق، حملے کا الزام کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے منسلک مسلح عناصر پر عائد کیا گیا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ حملہ آوروں نے جدید ہتھیار استعمال کیے۔
ماہرین کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر حملے میں جدید اسلحہ اور بارودی مواد استعمال ہونے کی تصدیق ہوتی ہے تو اسے ایک منظم دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا جا سکتا ہے۔ بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ریاستی اداروں پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق فوری، شفاف اور بلاامتیاز کارروائی کی جانی چاہیے۔