FIFA ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے ایران نے امریکا پر میزبانی کے اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی رویے کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران ایرانی ٹیم کے ساتھ غیر مناسب سلوک کیا گیا۔ ان کے مطابق ایرانی ٹیم کے کئی کوچز اور فٹبال فیڈریشن حکام کو امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے اور ویزوں کے حصول میں شروع ہی سے مشکلات کا سامنا رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قومی ٹیم کو میچ وینیو سے الگ مقام پر ٹھہرایا گیا، جو میزبان ملک کی ذمہ داریوں اور عالمی کھیلوں کے تقاضوں کے برعکس تھا۔
اس سے قبل ایرانی ٹیم کے کپتان مہدی طارمی بھی امریکا پر غیر منصفانہ رویے کا الزام عائد کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیفا نے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی، جبکہ ایرانی ٹیم کے لاجسٹک عملے اور میڈیا کے بعض ارکان کو بھی ویزے نہیں مل سکے۔
واضح رہے کہ ایران کی قومی ٹیم فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل نہ کر سکی اور گروپ مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔