کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے 150 شرپسندوں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل
محکمہ داخلہ حکومت آزاد جموں و کشمیر نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے تعلق رکھنے والے 150 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے اجلاس کی منظوری کے بعد کیا گیا، جس کے تحت ان افراد کو آزاد جموں و کشمیر اینٹی ٹیررازم ایکٹ 2014 کے تحت فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری، امتحان 16 اگست کو ہوگا
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کالعدم کمیٹی کے سرغنہ شوکت نواز، راجہ امجد، انجم زمان اور راجہ شعیب سمیت متعدد افراد کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع پونچھ سے 36، سدھنوتی سے 31، میرپور سے 14، کوٹلی سے 15، بھمبر سے 10 اور حویلی سے 8 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح راولاکوٹ سے 36، باغ سے 15، جہلم ویلی سے 9 اور ضلع نیلم سے 8 افراد کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی خدشات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارشات کے تحت کیا گیا ہے۔