وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے دارالحکومت تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی خبر رساں اداروں ارنا اور تسنیم کے مطابق محسن نقوی اپنے دورۂ ایران کے دوران وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر اعلیٰ ایرانی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی پیش رفت پر گفتگو متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان سفارتی سطح پر متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور ممکنہ پیش رفت کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں بھی پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، سرحدی تعاون اور باہمی مفادات کے دیگر امور بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔