ملتان کے نشتر اسپتال میں ایچ آئی وی کے مشتبہ مریض کا عام مریضوں کے ساتھ آپریشن کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد شعبہ سرجری کا آپریشن تھیٹر سیل کر دیا گیا ہے۔ ایم ایس نشتر اسپتال ڈاکٹر راؤ امجد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ مریض کی رپورٹ مثبت آنے پر ایک دن بعد آپریشن تھیٹر سیل کردیا گیا۔
بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں: وزیراعظم
ایم ایس نشتر اسپتال کے مطابق منگل کے روز اسی تھیٹر میں مجموعی طور پر 7 آپریشنز کیے گئے تھے۔ ڈاکٹر راؤ امجد کا کہنا تھا کہ قواعد کے مطابق ہر مریض کا آپریشن سے پہلے ایڈز ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے تاہم مشتبہ مریض کی رپورٹ آنے سے قبل ہی اس کا آپریشن کردیا گیا، اگلے روز رپورٹ مثبت آگئی۔
انہوں نے بتایا کہ دو روز تک ڈیوٹی دینے والے 10 سے زائد ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے بھی ایچ آئی وی ٹیسٹ کروائے گئے ہیں، جبکہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر لبنیٰ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بنا دی گئی ہے۔