صدر مملکت اور وزیراعظم کی محنت کشوں کے وقار و تحفظ کو یقینی بنانے کی اپیل
محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ جو قوم اپنے مزدوروں کا تحفظ کرتی ہے، وہ درحقیقت اپنے مستقبل کو محفوظ بناتی ہے، جبکہ محنت کشوں کو بااختیار بنانا پائیدار قومی طاقت کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی محنتی معیارات کو برقرار رکھنے اور کام کی جگہ پر بنیادی حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، جن میں منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ، جبری مشقت اور کم سن بچوں سے مزدوری کا خاتمہ اور امتیازی سلوک کے خاتمے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
اسرائیل کا گلوبل صمود فلوٹیلا کےگرفتار ارکان کو یونان بھیجنےکا فیصلہ
دوسری جانب عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ دنیا بھر، بالخصوص پاکستان کے محنت کش مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کی قربانیاں زندگی کے نظام کو جاری رکھتی ہیں اور یہی بے لوث محنت کرنے والے افراد سب سے زیادہ اعزاز کے مستحق ہیں، جبکہ مزدور اور ہنرمند افراد ملک کے اندر اور بیرون ملک اپنی قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سمندر پار موجود لاکھوں پاکستانی محنت کش قومی صلاحیت اور ملکی اساس کے سفیر ہیں، اور ان کی محنت سے کمائی گئی ہر رقم باعث فخر ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی قیمتی زرمبادلہ کے ذریعے ملکی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ ہنرمندی اور پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی اقدامات بھی کیے ہیں۔