اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ترقی کی داستانیں محنت کش کے پسینے سے ہی لکھی جاتی ہیں، اور ملک کی ترقی میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، یہ دن ان ہاتھوں کی عظمت کو تسلیم کرنے کا دن ہے جو خاموشی سے معیشت کو استحکام دیتے ہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم مزدور منایا جا رہا ہے
انہوں نے کہا کہ مزدور محض ایک فرد نہیں بلکہ کسی بھی ملک کی ترقی کا بنیادی ستون ہوتا ہے، جس کے بغیر خوشحالی کا تصور ادھورا رہتا ہے، جبکہ دین اسلام میں محنت کو عبادت اور محنت کش کو قابلِ احترام قرار دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان بھی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، مناسب اجرت اور بہتر کام کے ماحول کی ضمانت دیتا ہے، اور محنت کشوں کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے، کیونکہ مزدوروں کی محنت ہی قوموں کی اصل طاقت اور روشن مستقبل کی بنیاد ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یہ دن اس عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی جائے گی اور ان کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔