ریاست مخالف پروپیگنڈے کے خلاف سخت میڈیا نگرانی کا فیصلہ ،وزیر اطلاعات گلگت بلتستان
انسدادِ دہشت گردی کے لیے مؤثر میڈیا بیانیہ ناگزیر قرار دیا گیا۔
گلگت میں نگران وزیر اطلاعات گلگت بلتستان غلام عباس کی زیر صدارت صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے اطلاعات کا ایک اہم اجلاس انفارمیشن ڈائریکٹوریٹ میں منعقد ہوا، جس میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے تدارک کے لیے مربوط میڈیا حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا گیا۔
چینی کے شعبے میں مسابقت بڑھانے اور مارکیٹ کو آزاد کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں محکمہ اطلاعات، تعلیمی اداروں، پیفٹاک، آئی ایس پی آر، ریڈیو پاکستان، پی ٹی وی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ صرف سکیورٹی اقدامات سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے ایک مضبوط قومی بیانیہ ضروری ہے، جو قومی اتحاد، سماجی ہم آہنگی اور عوامی شعور پر مبنی ہو۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کی نگرانی اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کے تدارک کے لیے ایک خصوصی سب کمیٹی قائم کی جائے گی۔
مزید برآں، آئندہ اجلاس میں محکمہ صحت، پولیس اور لا اینڈ پراسیکیوشن کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ انسداد دہشت گردی کے لیے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔ اجلاس کے شرکاء کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے لیے واٹس ایپ گروپ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو امن، یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے ان کے انعقاد کو بڑھانے اور سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت پروگرامز شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے قومی یکجہتی کے فروغ اور مثبت بیانیے کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔