Gas Leakage Web ad 1

پاکستان ٹریول مارٹ 2026: وزیراعظم آزاد کشمیر کی شرکت، سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی نئی راہیں کھل گئیں

0

آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے سی ای  او پاکستان ٹریول مارٹ سید محمد  علی ہمدانی نے جموں کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی ۔سید محمد علی ہمدانی نے وزیراعظم کو  پاکستان ٹریول مارٹ 2026 میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ملاقات کے دوران پاکستان ٹریول مارٹ کے وژن، اثرات اور مسلسل ترقی پر وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سی ای او سید علی ہمدانی نے بتایا کہ  پاکستان ٹریول مارٹ ملک بھر میں سیاحت کے فروغ، صوبائی نمائندگی کے استحکام اور بین الاقوامی منڈیوں سے روابط قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومتِ آزاد کشمیر نے ریاست میں سرمایہ کاری اور سیاحت کے لیے دروازے کھول دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے قدرتی حسن کی بدولت انہیں یقین ہے کہ یہ وادی مستقبل قریب میں پاکستان اور پورے خطے کی سیاحت کا ایک بڑا مرکز بننے جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی سیاحت پالیسی کے تحت نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بھی آزاد کشمیر کو کھول دیا گیا ہے، جو پاکستان کے سیاحتی شعبے کے لیے ایک غیر معمولی موقع ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

سید محمد علی ہمدانی نے بتایا کہ پاکستان ٹریول مارٹ میں تمام صوبوں کی مستقل شرکت رہی ہے اور گزشتہ ایڈیشنز میں آزاد جموں و کشمیر کی شمولیت مؤثر اور قابلِ قدر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم 2026 ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا، کیونکہ پہلی بار آزاد جموں و کشمیر اعلیٰ ترین حکومتی سطح پر باضابطہ شرکت کر رہا ہے۔

دریں اثناء وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور 3 اپریل 2026 کو نمائش کا افتتاح کریں گے، جبکہ اسی روز آزاد جموں و کشمیر کے خصوصی پویلین کا بھی افتتاح کریں گے، جو نمائش کے نمایاں ترین حصوں میں شامل ہوگا۔ یہ پویلین خطے کی سیاحتی صلاحیت، ثقافتی ورثے، دستکاریوں اور سیاحتی مقامات کی جامع عکاسی کرے گا اور حکومتِ آزاد کشمیر کے اسٹریٹجک وژن کی نمائندگی کرے گا۔ادھر  وزیر اعظم Sustainable Destinations Forum میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاحتی استعداد، پائیدار سیاحت اور ابھرتے ہوئے سرمایہ کاری مواقع پر اظہارِ خیال کریں گے، جن میں سیاحتی انفراسٹرکچر کی ترقی اور ڈیسٹینیشن بیسڈ منصوبے شامل ہیں۔اس موقع پر سید محمد علی ہمدانی نے کہا کہ پاکستان ٹریول مارٹ طویل عرصے سے پاکستان کی سیاحت کے تنوع اور صلاحیت کو ایک متحد پلیٹ فارم پر پیش کر رہا ہے، اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کی اس سطح پر شرکت سیاحت کے فروغ، سرمایہ کاری اور قومی تعاون کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔پاکستان ٹریول مارٹ 2026 میں حکومتی نمائندوں، ڈیسٹینیشن مینجمنٹ اداروں، ہوٹل انڈسٹری، ٹور آپریٹرز، سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی خریداروں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے، جو اسے پاکستان کا سب سے بڑا بی ٹو بی ٹریول ٹریڈ پلیٹ فارم بناتی ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.