وہ غذا جو کینسر کی 5 جان لیوا اقسام سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے بہترین
وہ غذا جو کینسر کی 5 جان لیوا اقسام سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے بہترین
اگر آپ کینسر کی متعدد اقسام سے خود کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو سبزیاں کھانا اپنی عادت بنا لیں۔
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ سبزیاں کھانے سے کینسر کی 5 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔ اس تحقیق کے لیے 18 لاکھ سے زائد افراد کو شامل کیا گیا اور ان کی صحت اور غذائی عادات کا جائزہ کئی برسوں تک لیا گیا۔
اس تحقیق میں شامل افراد کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ایک گروپ سبزیاں کھانے والے افراد کا تھا، دوسرا مرغی کے گوشت (سرخ گوشت ناپسند کرنے والوں)، مچھلی کھانے کے شوقین افراد اور صرف سبزیاں کھانے والے افراد پر مشتمل گروپس الگ تھے۔ ان افراد کی صحت کا جائزہ 16 سال تک لیا گیا اور کینسر کا خطرہ بڑھانے والے عناصر جیسے جسمانی وزن اور تمباکو نوشی وغیرہ کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ غذائی عادات کینسر کی 17 اقسام پر کس حد تک اثرات مرتب کرتی ہیں۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سبزیاں کھانے کی عادت سے لبلبے کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 21 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ اسی طرح مثانے کے کینسر کا خطرہ 12 فیصد اور چھاتی کے کینسر کا خطرہ 9 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ سبزیوں کے شوقین افراد میں گوشت کھانے والوں کے مقابلے میں گردوں کے کینسر کا خطرہ 28 فیصد جبکہ بون میرو کے کینسر کا خطرہ 31 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ یہ نتائج ان افراد کے لیے اچھی خبر ہے جو سبزیاں کھانا پسند کرتے ہیں اور اس سے ان میں کینسر کی کم از کم 5 اقسام کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
تاہم تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ صرف سبزیاں کھانے سے غذائی نالی کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کی ممکنہ وجہ یہ ہے کہ سبزیوں میں اہم اجزاء جیسے بی وٹامنز موجود نہیں ہوتے جو گوشت سے جسم کو ملتے ہیں۔ اسی طرح سبزیاں کھانے کی عادت سے آنتوں کے کینسر کا خطرہ 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے اور اس کی ممکنہ وجہ کیلشیم کی کم مقدار کو جزو بدن بنانا ہے۔ محققین نے کہا کہ نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔