اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 92 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 175 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہو چکا ہے۔
ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ پر پاکستانی عوام کا حکومتی فیصلے کا خیر مقدم
مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے کے باعث ملک کے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں رہائش پذیر صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جہاں اب بھی مٹی کا تیل گھریلو استعمال، روشنی اور کھانا پکانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 268 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مہنگائی کی مجموعی شرح پر بھی اثر ڈال سکتا ہے، کیونکہ ڈیزل ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعتی شعبے میں وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ قیمتوں میں یہ رد و بدل عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مالی دباؤ کے باعث کیا جا رہا ہے۔