خیبرپختونخوا حکومت نے صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف اور بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر اہم سیاسی و قومی شخصیات کے ناموں پر مبنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہاں نے بتایا کہ ان فینسی اور یونیک چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں منعقد کی جائے گی۔
پی سی بی نے ملتان سلطانز کی فروخت کیلئے اشتہار جاری کردیا
فخر جہاں کے مطابق ان فینسی نمبر پلیٹس کی بولی کا آغاز 10 لاکھ روپے سے ہوگا اور سب سے زیادہ رقم کی پیشکش کرنے والے کو اس کی پسندیدہ شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹ جاری کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں مرحلہ وار دیگر قومی قیادت، معروف شخصیات، علاقوں اور اقوام کے ناموں سے منسوب نمبر پلیٹس بھی اس نیلامی کے عمل کا حصہ بنائی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ اس انوکھے اقدام میں گاڑیوں کے مالکان گہری دلچسپی لے رہے ہیں جس سے قومی خزانے کو خطیر آمدن کی توقع ہے۔ شہریوں نے یونیک نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے ‘دستک ایپ’ کے ذریعے درخواستیں دینا شروع کر دی ہیں۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اس حوالے سے باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا ہے اور نیلامی میں شرکت کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔