سیالکوٹ اس وقت دوہری قیامت جھیل رہا ہے ایک طرف سیلاب کی بے رحم لہریں سب کچھ بہا لے جا رہی ہیں تو دوسری طرف گاؤں کولوکے میں انسانیت کی چادر بھی بہا دی گئی پانچ سالہ معصوم بچی م نوڈلز لینے دکان پر گئی مگر وہاں ایک ایسا بھیڑیا گھات لگائے بیٹھا تھا جس نے اس کی معصومیت کو نوچ ڈالا 18 سالہ چاند ولد خالد نام چاند مگر کردار اتنا سیاہ کہ رات کی تاریکی بھی شرما جائے۔

یہ واقعہ پڑھنے اور سننے والوں کے لیے محض ایک خبر ہو سکتی ہے مگر ایک ماں کے لیے یہ قیامت صغریٰ ہے جب اس کی ننھی کلی لرزتے ہونٹوں سے کہے کہ چاچو چاند نے میرے کپڑے اتارے تھے تو سوچیں اس لمحے زمین کیسے ماں کے قدموں تلے سے نکل گئی ہو گی ایسے لمحوں پر قلم لکھتے لکھتے کانپ جاتا ہے الفاظ دم توڑ دیتے ہیں۔
اس اندھیری تصویر میں ایک کرن ضرور ہے تھانہ ائیرپورٹ کے ایس ایچ او انسپکٹر بلال ڈار* اور ان کی ٹیم نے محض تیس منٹوں میں اس درندے کو گرفتار کر دکھایا* یہ عمل اس بات کی دلیل ہے کہ اگر ارادہ اور غیرت زندہ ہو* تو انصاف کی پہلی اینٹ رکھنا مشکل نہیں بلال ڈار اور ان کی ٹیم اس قابل ہیں کہ ان کے کردار کو
سراہا جائے
مگر کیا اتنا کافی ہے؟ کیا صرف گرفتاریاں ہمارے بچوں کو محفوظ کر دیں گی؟ اصل مسئلہ تو ہماری گلیوں اور گھروں میں پنپنے والی وہ بے غیرتی ہے جو بیٹوں کی تربیت میں کھو گئی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ بیٹا پیدا کر کے معاشرے پر احسان کیا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ اگر اسی بیٹے کو غیرت حیاء اور انسانیت نہ سکھائی جائے تو وہ چاند کے نام پر دھبہ بن جاتا ہے وہی بھیڑیا جو حوا کی کلیوں کو نوچتا ہے اور ماں کی گودوں کو اجاڑ دیتا ہے۔*
یہ سانحہ صرف ایک بچی کے ساتھ درندگی نہیں یہ ہماری اجتماعی تربیت کا ماتم ہے اگر آج ہم نے اپنی اولاد کو غیرت نہ سکھائی اگر آج ایسے درندوں کو *عبرتناک انجام تک نہ پہنچایا تو یاد رکھیں کہ کل کوئی اور کلی اجڑ جائے گی اور پھر ہم صرف ماتم کے لیے الفاظ ڈھونڈتے رہ جائیں گے۔
اور شاید اس وقت ہم سب کو یہ سوچنا پڑے کہ اصل مجرم جیل کی کوٹھڑی میں بند درندہ نہیں بلکہ وہ سماج ہے جس نے اس درندے کو جنم دیا۔



