اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ختم ہوگئی، جس کے بعد دونوں وکلا جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔

جیل ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس کے دوران دونوں وکلا نے بانی پی ٹی آئی سے ان کے مقدمات اور مختلف متفرق درخواستوں پر تفصیلی مشاورت کی۔ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
سموسے اور پکوڑے اخبار میں لپیٹ کر کھانا صحت کے لیے خطرناک، ماہرین نے خبردار کردیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ وکلا نے عمران خان سے بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بانی پی ٹی آئی سے دونوں وکلا کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی، جو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں ممکن ہوئی۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملاقات تین سے چار گھنٹے جاری رہی، جس میں عمران خان کی صحت اور ان کے مقدمات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ملاقات کی تفصیلات کل تحریری طور پر سامنے لائیں گے، جس کے بعد تمام معاملات واضح ہوجائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے بلڈ پریشر اور آنکھ کا مسئلہ زیرِ بحث آیا۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا عزم مضبوط تھا اور وہ مستعد دکھائی دے رہے تھے۔
سردار لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران 28ویں آئینی ترمیم پر بھی بات ہوئی، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔



