سعودی ولی عہد نے الیکٹرونکس گیمز کی حکمت عملی کا اعلان کر دیا
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو ’سافی گروپ فار الیکٹرانک گیمز‘ کی حکمت عملی کا اعلان کردیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سافی گروپ سعودی عرب کو 2030 تک الیکٹرانک گیمز اور سپورٹس کے بین الاقوامی سینٹر میں تبدیل کرنے والی حکمت عملی کا کلیدی عنصر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سپورٹس اور الیکٹرانک گیمز کے حوالے سے موجود امکانات سے فائدہ اٹھا کر اپنی معیشت میں تنوع پیدا کرتے ہوئے جدت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کام کررہے ہیں۔
ہم چاہتے ہیں کہ مملکت میں الیکٹرانک سپورٹس کے حوالے سے تفریحاتی سرگرمیوں اور مقابلہ جاتی پروگراموں کا معیار بلند ہو۔