سوات: پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے زیرِ اہتمام سوات پریمیئر کرکٹ لیگ سیزن 8 کا شاندار آغاز ہوگیا، جس کا مقصد علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔

ٹورنامنٹ کے تمام مقابلے مینگورہ کے گراسی گراؤنڈ میں منعقد کیے جا رہے ہیں، جس میں ملک بھر سے نامور کرکٹ کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ لیگ کی افتتاحی تقریب میں قومی کرکٹ ہیرو عبدالرزاق، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور، علاقے کے مشران، تاجر برادری، نوجوانوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
پی پی، ایم کیو ایم کے وفود کی آج ہونیوالی ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع
اس موقع پر لیگ کے انعقاد کو علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم کاوش قرار دیا گیا۔
سوات پریمیئر کرکٹ لیگ کو مالاکنڈ ڈویژن کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ قرار دیا جاتا ہے، جو نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے، مقامی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور علاقے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
سوات پریمیئر کرکٹ لیگ کے مقابلے 11 دسمبر تک جاری رہیں گے، جس کے دوران کرکٹ شائقین کو مختلف ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔



