سابق کیوی آل راؤنڈر ڈینیل ویٹوری آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر سن رائزرز حیدرآباد کی شریک مالکن کاویا مارن کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچ گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے سابق کپتان، سن رائزرز حیدرآباد میں اپنے ساتھی کین ولیمسن کے ہمراہ چنئی پہنچے اور ان کی آمد سے کاویا کی شادی کی تقریب کے لیے ہوئی جو ہفتہ 21 نومبر کو منعقد ہوئی جس کے بعد کرکٹ سے وابستہ مہمانوں کی فہرست میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
ویٹوری اس وقت آسٹریلیا کے اسسٹنٹ کوچ ہیں اور انگلینڈ کے خلاف جاری وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) سیریز کے دوران ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ کا حصہ رہے ہیں، ان کا یہ دورہ بھارت ایسے وقت میں ہوا ہے جب انگلینڈ نے بدھ کے روز ہوبارٹ میں کھیلے گئے آخری میچ میں فتح کے ساتھ تین میچوں کی ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔
یہ دورہ ایک ایسے اہم موقع پر ہو رہا ہے جب آسٹریلیا کو ہفتے کے روز میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیلنا ہے، اس کے بعد دونوں ٹیمیں بقیہ میچوں کے لیے گولڈ کوسٹ، برسبین، سڈنی اور کینبرا کا سفر کریں گی اور یہ سیریز 2 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔
ویٹوری کے جانے کا مطلب یہ ہے کہ وہ آسٹریلوی کیمپ سے عارضی طور پر الگ ہو گئے ہیں ایسے وقت میں جب ٹیم ون ڈے سیریز سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔
آسٹریلیا کے ساتھ اپنی کوچنگ کی ذمہ داریوں کے علاوہ وہ انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرز حیدرآباد کے ہیڈ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ویٹوری کئی سیزن سے حیدرآباد کی فرنچائز کے ساتھ وابستہ ہیں اور انہوں نے کین ولیمسن کے ساتھ مل کر کام کیا ہے جو ماضی میں ٹیم کی کپتانی کر چکے ہیں، ولیمسن نے بھی آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کی ہے اور وہ اس فرنچائز کے لیے ایک جانے پہچانے چہرے ہیں۔
کاویا، جو سن گروپ کے چیئرمین کالانیتھی مارن کی صاحبزادی ہیں اور وہ سن رائزرز حیدرآباد کی اہم شخصیات میں سے ایک ہیں، انہوں نے 11 نومبر کو یونان میں انیرودھ کے ساتھ شادی کی تھی اور اب چنئی میں ہونے والی اس تقریب میں کرکٹ، فلم اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمان اکٹھے ہو رہے ہیں۔



