Gas Leakage Web ad 1

بارش نے بھارت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، پاکستان بلائنڈ کرکٹ ایشیا کا نیا چیمپئن بن گیا

ڈھاکہ میں فائنل بارش کے باعث منسوخ، لیگ مرحلے میں تینوں میچ جیتنے والے پاکستان کو قواعد کے تحت فاتح قرار دے دیا گیا، بھارتی ٹیم نے تقریب کا بائیکاٹ کردیا۔

0

ڈھاکہ: پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کپ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کا ٹائٹل جیت لیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا فیصلہ کن فائنل مسلسل بارش کے باعث شروع ہی نہ ہوسکا، جس کے بعد میچ ریفری نے ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق پاکستان کو چیمپئن قرار دے دیا۔

Gas Leakage Web ad 2

اسپورٹس لنک کے مطابق ٹورنامنٹ کے قواعد 7 نومبر کو تمام شریک ٹیموں کو بھیج دیے گئے تھے۔ ان قواعد کے تحت فائنل بارش کی وجہ سے نہ ہونے کی صورت میں لیگ مرحلے میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا جانا تھا۔

پاکستانی ٹیم نے لیگ مرحلے میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے تینوں میچز جیتے۔ قومی ٹیم نے سری لنکا، بنگلہ دیش اور روایتی حریف بھارت کو شکست دی اور چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان نے پوائنٹس، نیٹ رن ریٹ اور دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ کے نتیجے میں بھی بھارت پر برتری برقرار رکھی، جس کے باعث ٹورنامنٹ قوانین کے تحت قومی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا گیا۔

بھارتی ٹیم کا تقریب سے بائیکاٹ

پاکستان کو فاتح قرار دیے جانے کے فیصلے پر بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے احتجاج کیا اور اختتامی تقریب میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے اسٹیڈیم چھوڑ دیا۔ بھارتی ٹیم نے دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دینے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب ٹرافی تقسیم کرنے کی تقریب مقررہ وقت پر منعقد ہوئی، جس میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر عبداللہ الفواد نے انعامات تقسیم کیے۔ تقریب میں رنگپور رائیڈرز کے ڈائریکٹر شہزاد اکبر سبحان اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے۔

پاکستانی کھلاڑیوں کا جشن

ٹائٹل جیتنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹرافی اٹھا کر خوشی کا اظہار کیا اور قومی پرچم لہرایا۔ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی اس کامیابی کو کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان کی اس کامیابی نے ایک بار پھر عالمی سطح پر بلائنڈ کرکٹ میں قومی ٹیم کی صلاحیتوں کو نمایاں کردیا ہے

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.