نواحی گاؤں کولوتارڑ سے تعلق رکھنے والے نوجوان نعمان ارشد نے 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں دوڑ کے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کر کے علاقے کا نام روشن کر دیا۔ اس تاریخی کامیابی کے بعد جب نعمان ارشد اپنے آبائی گاؤں واپس پہنچے تو اہلِ علاقہ نے ان کا پُرجوش اور والہانہ استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق نعمان ارشد کا تعلق ایک غریب اور محنت کش خاندان سے ہے، جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود محنت، لگن اور ثابت قدمی کو اپنا شعار بنایا۔ طویل جدوجہد اور مسلسل محنت کے نتیجے میں نعمان ارشد نے قومی سطح پر کامیابی حاصل کی اور نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے ضلع حافظ آباد کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
عام انتخابات،الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے کُل جماعتی کانفرنس طلب کرلی
گاؤں پہنچنے پر نوجوانوں، بزرگوں اور معززینِ علاقہ نے نعمان ارشد کو پھولوں کے ہار پہنائے، نعرے لگائے اور ان کی کامیابی کو علاقے کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔ اہلِ علاقہ کا کہنا تھا کہ نعمان ارشد جیسے نوجوان نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جنہوں نے ثابت کر دیا کہ محنت اور عزم کے سامنے غربت اور مشکلات کبھی رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔
اہلِ علاقہ نے حکومت اور متعلقہ کھیلوں کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ نعمان ارشد جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں مزید بہتر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں۔ نعمان ارشد کی اس شاندار کامیابی پر پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔