Gas Leakage Web ad 1

’درِ نجات‘ کا پیغام بیٹیوں پر سختی اور بیٹوں کو آزادی دینا نہیں، فاران طاہر

اداکار فاران طاہر کا کہنا ہے کہ ڈرامے میں بچوں کی تربیت، والدین کی ذمہ داریوں اور اخلاقی اقدار کو اجاگر کیا گیا ہے، کہانی کا مقصد بیٹیوں اور بیٹوں کے لیے الگ اصول مقرر کرنا نہیں۔

0

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فاران طاہر نے مقبول ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کے پیغام اور اس میں پیش کیے جانے والے خاندانی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ڈرامے کا مقصد بیٹیوں پر سختی کرنا اور بیٹوں کو ہر طرح کی آزادی دینا نہیں بلکہ بچوں کی یکساں تربیت اور مناسب رہنمائی کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
بی بی سی اردو کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں فاران طاہر نے کہا کہ والدین کے لیے یہ فطری بات ہے کہ اگر ان کی بیٹی کسی تکلیف میں ہو اور کوئی شخص اسے سہارا دے کر سکون پہنچائے تو ان کا دل بھی نرم ہوگا۔

Gas Leakage Web ad 2

انہوں نے ڈرامے میں ابوبکر کے کردار کی مقبولیت اور زریاب کی زندگی پر اس کے مثبت اثرات کے حوالے سے کہا کہ اگر کسی انسان کی موجودگی دوسرے کی زندگی میں سکون کا باعث بن رہی ہے تو والدین کے نقطہ نظر سے یہ ایک اچھی بات ہے۔
فاران طاہر کے مطابق ابوبکر کے کردار کو غیر معمولی طور پر اچھا قرار دینے کے بجائے اسے ایک کہانی کے کردار کے طور پر دیکھنا چاہیے، کیونکہ ہر انسان کے اندر اچھائی اور برائی دونوں پہلو موجود ہوتے ہیں۔

بچوں کی تربیت سے متعلق ڈرامے کا اصل پیغام

ڈرامے کی ابتدائی اقساط میں زریاب کے والدین کے تربیتی انداز پر بھی ناظرین کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔ بعض ناظرین نے حیرت کا اظہار کیا کہ بیٹی کے رات گئے گھر سے باہر جانے اور اس کے والدین کو بروقت علم نہ ہونے کے باوجود گھر میں معمول کے مطابق سکون کیوں دکھایا گیا۔

اس حوالے سے فاران طاہر نے کہا کہ بچوں پر اعتماد کرنا ضروری ہے، تاہم ان کی رہنمائی کرنا اور انہیں ایک مناسب نظام اور حدود فراہم کرنا بھی والدین کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈرامے کا مقصد صرف لڑکیوں کی تربیت پر زور دینا نہیں بلکہ تمام بچوں کی اچھی پرورش اور کردار سازی کی اہمیت بیان کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ زامل کے اقدامات کو صحیح قرار دیا جا رہا ہے اور تمام ذمہ داری زریاب پر ڈال دی گئی ہے۔

’درِ نجات‘ کو ملنے والا ردعمل میرے لیے نیا ہے

فاران طاہر نے ڈرامے کی پاکستان سمیت دیگر ممالک میں مقبولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر ملنے والے ردعمل کو کسی حد تک دیکھ رہے ہیں اور ناظرین کی جانب سے سامنے آنے والی آرا ان کے لیے دلچسپی کا باعث ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بعض ناظرین نے ڈرامے میں والدہ سے مؤدبانہ انداز میں بات کرنے کے پہلو کو بھی پسند کیا، جس پر انہیں خوشی ہوئی۔

اداکار کے مطابق ڈرامے میں شراب نوشی کے معاملے پر بھی عوام کی مختلف آرا سامنے آئیں۔ کچھ افراد کے نزدیک یہ ایک معمول کی بات تھی جبکہ دوسرے طبقے نے اسے ایک سنگین معاملہ قرار دیا۔

فاران طاہر کا کہنا تھا کہ ’درِ نجات‘ کو جس نوعیت کا عوامی ردعمل ملا ہے، وہ ان کے لیے ایک نیا تجربہ ہے اور اس ڈرامے کے ذریعے ان کی ناظرین سے واقفیت اور رابطہ بھی بڑھا ہے۔

امریکہ اور پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں فرق

فاران طاہر کئی برسوں سے امریکہ میں مقیم ہیں اور ہالی وڈ کے معروف منصوبوں ’جنگل بک‘، ’آئرن مین‘ اور ’اسٹار ٹریک‘ میں بھی کام کر چکے ہیں۔ تاہم گزشتہ ایک دو برسوں کے دوران انہوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں بھی زیادہ کام کیا ہے۔

وہ ڈرامہ سیریل ’لیڈر‘ اور ’بس تیرا ساتھ ہو‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

اپنے خاندانی پس منظر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق ایسے گھرانے سے ہے جہاں اداکاری اور فنونِ لطیفہ سے ہمیشہ گہرا تعلق رہا ہے۔ ان کے والد نعیم طاہر، والدہ یاسمین طاہر اور بھائی علی طاہر بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہے ہیں۔

فاران طاہر کے مطابق اب پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری بھی عالمی سطح پر اپنی جگہ بنا رہی ہے، اس لیے ضروری نہیں کہ صرف امریکہ میں رہ کر ہی اچھا کام کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں انڈسٹریز کا موازنہ کرنے کے بجائے ان کے مختلف طریقہ کار کو سمجھنا چاہیے۔

ہالی وڈ میں کام کرنے کا تجربہ

اداکار نے بتایا کہ امریکی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام کا طریقہ زیادہ منظم ہے۔ وہاں اداکار کا کال ٹائم مقرر ہو تو اسے ہر صورت اسی وقت سیٹ پر پہنچنا ہوتا ہے، چاہے وہ کتنا ہی بڑا اداکار کیوں نہ ہو۔

انہوں نے مزید بتایا کہ امریکہ میں عموماً پورے شو کا اسکرپٹ تقریباً دو ہفتے پہلے فراہم کر دیا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں بعض اوقات اسکرپٹ سیٹ پر پہنچنے کے بعد ملتا ہے اور اداکاروں کو فوری طور پر اپنے مکالمے یاد کرنے پڑتے ہیں۔

ان کے مطابق اس طرح کے حالات میں بعض جذباتی مناظر کی تیاری اور ان میں بہترین اداکاری کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

2027 میں فلم ’انسپیکٹر جمشید‘ میں نظر آئیں گے

فاران طاہر نے بتایا کہ وہ سال 2027 میں پاکستانی فلم ’انسپیکٹر جمشید‘ میں بھی دکھائی دیں گے۔ یہ فلم معروف مصنف اشتیاق احمد کی ناول سیریز پر مبنی ہے، جس میں وہ برکی کا کردار ادا کر رہے ہیں

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.