Gas Leakage Web ad 1

شاہ رخ خان نے جے شاہ کو ’بھائی‘ کہا تو سوشل میڈیا پر ہنگامہ، صارفین بول پڑے ’ہمیں آپ سے یہ توقع نہیں تھی‘

بالی میں ہونے والے اجلاس میں جے شاہ بلا مقابلہ دوسری مدت کے لیے آئی سی سی سربراہ مقرر، شاہ رخ خان نے انہیں ’جے شاہ بھائی‘ کہہ کر مبارکباد دی تو صارفین نے سوالات اٹھا دیے۔

0

ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جے شاہ کو دوسری مدت کے لیے بلا مقابلہ چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ بالی میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں ان کے نام کی منظوری دی گئی۔ اس اعلان کے بعد دنیا بھر سے انہیں مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں، تاہم ان کی دوبارہ تقرری پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف سوالات بھی اٹھا دیے ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

آئی سی سی کے مطابق جے شاہ کے نام کی تجویز بورڈ کے ڈائریکٹرز نے اجلاس کے دوران پیش کی۔ اس عہدے کے لیے کوئی دوسرا امیدوار سامنے نہیں آیا، جس کے باعث وہ بلا مقابلہ دوسری مدت کے لیے منتخب ہوگئے۔

دوبارہ تقرری کے بعد جے شاہ نے آئی سی سی بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے، وہ اس کے لیے تمام ڈائریکٹرز کے ممنون ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے اور وہ دنیا بھر میں کرکٹ کی بہتری کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔

جے شاہ اس سے قبل گریگ بارکلے کی جگہ یکم دسمبر 2024 کو آئی سی سی کے چیئرمین بنے تھے۔ اس وقت ان کی عمر 35 سال تھی اور وہ عالمی کرکٹ ادارے کے کم عمر ترین چیئرمین قرار پائے تھے۔ اس سے پہلے وہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری کے عہدے پر فائز تھے۔

جے شاہ کی دوبارہ تقرری پر مبارکبادیں اور تنقید

جے شاہ کی دوسری مدت کے لیے تقرری پر کرکٹ سے وابستہ شخصیات اور مختلف ممالک کے عہدیداروں نے انہیں مبارکباد دی، تاہم سوشل میڈیا پر اس فیصلے کے حوالے سے ملے جلے ردعمل سامنے آئے۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال خان نے جے شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی کرکٹ اور بنگلہ دیشی کرکٹ کی بہتری کے لیے ان کے ساتھ کام جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ فین اور وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری نے ان کی دوبارہ تقرری پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک ایسا شخص جو بظاہر کرکٹ کے بنیادی اصولوں سے بھی زیادہ واقف نہیں، وہ مسلسل دوسری مرتبہ آئی سی سی کا چیئرمین کیسے بن گیا۔

سپورٹس صحافی فیضان لاکھانی نے بھی اس انتخاب کے طریقہ کار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جے شاہ واحد امیدوار تھے، اس لیے نہ مقابلہ ہوا اور نہ ہی ووٹنگ کی ضرورت پیش آئی۔

ان کے مطابق بلا مقابلہ انتخاب کا یہ مطلب نہیں کہ آئی سی سی کے تمام ارکان ان کی امیدواریت کے حامی تھے یا کسی کو اس پر اعتراض نہیں تھا۔ انہوں نے اس حوالے سے انتخابی عمل اور ارکان کی ممکنہ عدم حمایت کے فرق کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شاہ رخ خان نے جے شاہ کو ’بھائی‘ کہہ کر مبارکباد دے دی

جے شاہ کی دوبارہ تقرری پر بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کا تہنیتی پیغام بھی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بن گیا۔

شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جے شاہ کو ’جے شاہ بھائی‘ کہہ کر مبارکباد دی اور ان کی قیادت کو سراہا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی کرکٹ کے انتظام و انصرام اور کھیل کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں جے شاہ کی قیادت قابلِ ستائش ہے۔

شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت اس کھیل کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی اور امریکا سمیت دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ میں مدد دے گی۔

تاہم شاہ رخ خان کے اس پیغام پر بعض سوشل میڈیا صارفین نے تنقید شروع کر دی۔ ایک صارف نے لکھا کہ انہیں شاہ رخ خان سے اس طرح کے پیغام کی توقع نہیں تھی، جبکہ دوسرے صارفین نے کہا کہ کرکٹ کو نامور شخصیات کی تعریفوں سے زیادہ شفافیت اور احتساب کی ضرورت ہے۔

جے شاہ کے انتخاب پر پاکستانی شائقین کے خدشات

جے شاہ کی دوبارہ تقرری کے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین میں بھی مختلف خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

2024 میں جب وہ پہلی مرتبہ بلا مقابلہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے تو بعض مبصرین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ان کے عہدہ سنبھالنے سے عالمی کرکٹ میں بھارتی کرکٹ بورڈ کا اثر و رسوخ مزید بڑھ سکتا ہے۔

جے شاہ کے والد امیت شاہ بھارت کے وزیر داخلہ ہیں اور ان کی سیاسی حیثیت کو بھی جے شاہ کے کرکٹ انتظامی عروج سے جوڑ کر تنقید کی جاتی رہی ہے۔ ان کے بی سی سی آئی کے سیکریٹری بننے کے وقت بھی اقربا پروری کے الزامات سامنے آئے تھے۔

پاکستانی شائقین کو خصوصاً یہ خدشہ رہتا ہے کہ جے شاہ کی قیادت میں مستقبل میں پاکستان میں ہونے والے بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس سے متعلق فیصلے کس سمت جائیں گے۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے جے شاہ کی تقرری کو پاکستان اور بھارت کے کرکٹ تعلقات کے تناظر میں بھی دیکھا، جبکہ دیگر نے عالمی کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

2027 ورلڈ کپ اور 2028 اولمپکس جے شاہ کے لیے اہم چیلنجز

جے شاہ کی نئی دو سالہ مدت ایسے وقت شروع ہو رہی ہے جب عالمی کرکٹ کئی اہم مراحل سے گزرنے والی ہے۔

2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ جنوبی افریقا میں منعقد ہوگا، جبکہ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی بھی آئی سی سی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن نے بھی جے شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمی کرکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے کھیل کی روایات، جدت، نئے شائقین اور بدلتی ہوئی تجارتی صورتِ حال کے درمیان توازن قائم رکھنا ضروری ہوگا۔

یوں جے شاہ کی دوبارہ تقرری نے جہاں ان کی قیادت پر آئی سی سی بورڈ کے اعتماد کو ظاہر کیا ہے، وہیں عالمی کرکٹ میں شفافیت، انتظامی اختیارات اور مختلف ممالک کے درمیان برابری سے متعلق بحث کو بھی دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.